پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

لاہور میں گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب میں منعقد کی گئی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزیر اطلاعات سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار و دیگر صوبائی حکام بھی تقریب میں موجود تھے

1157781
پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

صوبہ پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نےصوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا، انہیں گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان کے مستعفی ہونے کے بعد صوبے کا نیا وزیر اطلاعات نامزد کیا گیا تھا۔

لاہور میں گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب میں منعقد کی گئی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزیر اطلاعات سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار و دیگر صوبائی حکام بھی تقریب میں موجود تھے

ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے صمصام بخاری نے گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا ہے۔ انہوں نے 2002 سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز اس وقت کیاجب آزاد امیدوار کی حیثیت سے انہوں نے اپنا پہلا الیکشن لڑا تھا لیکن اس میں انہیں شکست ہوئی تھی۔

صمصام بخاری نے2008 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور فتح یاب ہونے کے بعد کچھ عرصہ کے لیے وزیر مملکت برائے اطلاعات بھی رہے۔

2015 میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور 2018 کے عام انتخابات میں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا تاہم ضمنی انتخابات کے لیے پارٹی نے دوبارہ انہیں ٹکٹ دیا، اس بار وہ الیکشن جیت کر رکن صوبائی اسمبلی بنے۔

خیال رہے کہ اقلیتی برادری سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر سابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دینے کی تصدیق کی اور کہا کہ میری وزارت عمران خان کی امانت تھی ،اگر پارٹی کو میری وجہ سے مشکل کا سامنا ہے،اس لئے استعفیٰ دے دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیاض الحسن چوہان کا وزارت اطلاعات کے قلمدان سے دیا گیا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔

 



متعللقہ خبریں