بلوچستان کے عوام کی ترقی خصوصاً نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے: عمران خان

انہوں نے یہ بات بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم سے ملاقات کی

1140272
بلوچستان کے عوام کی ترقی خصوصاً نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی خصوصاً نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سی پیک کی تعمیر اور گوادر میں ترقیاتی عمل سے بلوچستان کے عوام کے لیے سماجی و معاشی ترقی کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔

 انہوں نے یہ بات بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، ایم این ایز سردار محمد اسرار ترین، خالد حسین مگسی، احسان اللہ ریکی اور روبینہ عرفان شامل تھیں۔ معاون خصوصی نعیم الحق، ترجمان ندیم افضل گوندل، ملک عامر ڈوگر اور ارشد داد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں بلوچستان کی عوام کو پانی کی قلت سمیت درپیش مسائل سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے ایسٹ بے پر ایکسپریس وے کی تعمیر سے منسلک پیسیج وے سے متعلقہ ماہی گیروں کے مسائل سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور پیسیج وے کی کشادگی کا مطالبہ پیش کیا۔ وزیر اعظم نے معاملے کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

 انہوں نے کہاکہ سی پیک کی تعمیر اور گوادر میں ترقیاتی عمل سے بلوچستان کے عوام کے لیے سماجی و معاشی ترقی کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی خصوصا نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے بلوچستان میں ٹیکنیکل کالجز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سولر انرجی کو بروئے کار لانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔



متعللقہ خبریں