پاکستان: ملک کے مختلف حصوں میں ضمنی انتخابات

پاکستان میں عام انتخابات 2018 کے بعد آج  14 اکتوبر بروز اتوار ملک کے مختلف حصوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں

1068339
پاکستان: ملک کے مختلف حصوں میں ضمنی انتخابات

پاکستان میں عام انتخابات 2018 کے بعد آج  14 اکتوبر بروز اتوار ملک کے مختلف حصوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔

قومی اور صوبائی اسمبلی کے 35 حلقوں میں حزب اقتدار جماعت تحریک انصاف ، مسلم لیگ نون اور دیگر سیاسی جماعتوں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

شفاف اور پُر امن انتخابات کے لئے پاک فوج کے 40 ہزار جوانوں سمیت رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک لاکھ سے زائد اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

انتخابات کے لئے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں اور 35 حلقوں سے 641 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں اور ان حلقوں سے 92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

انتخابات کے لئے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشن لگائے گئے ہیں جن میں سے 1727 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

قومی و پنجاب اسمبلی  کے گیارہ گیارہ حلقوں، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 9، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے دو ،دو   حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی جن 11 نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں سے 6 نشستیں عام انتخابات میں تحریک انصاف  نے جیتی تھیں جن میں سے عمران خان کی خالی کردہ 4 نشستیں بھی شامل ہیں۔

ان چار نشستوں میں سے ایک وفاقی وزیر غلام سرور خان نے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کی وجہ سے خالی کی اور ایک نشست تحریک انصاف کے سینئر رہنما عارف علوی  نے صدر پاکستان منتخب ہونے کے بعد خالی کی تھی۔

ان ضمنی انتخابات کے نتائج حزب اقتدار جماعت تحریک انصاف اور حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت   مسلم لیگ نون کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔



متعللقہ خبریں