تحریک انصاف کی حکومت کی نا تجربہ کاری نے ملک میں مہنگائی کا سونامی برپا کردیاہے: بلاول بھٹو

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک میں اپنی آمد کی خوشخبری غریبوں  کو مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے   دی ہے

1067271
تحریک انصاف کی حکومت  کی نا تجربہ کاری نے ملک میں  مہنگائی کا سونامی برپا کردیاہے: بلاول  بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے کہا ہے کہ     تحریک انصاف کی حکومت  کی نا تجربہ کاری نے   ملک میں  مہنگائی کا سونامی برپا کردیا ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک میں اپنی آمد کی خوشخبری غریبوں  کو مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے   دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کا نیا پاکستان ہے کہ روٹی 10 روپے اور نان 15 روپے کا ہے اور وزراء غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ یہ حکومت آئی ایم ایف کے پاس جا رہی ہے لیکن حکومتی وزراء آئی ایم ایف کے پاس جانے کی تردید کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت جس  چیز کی زوروں شور سے تردید کرتی  اس کے اگلے ہی روز   یو ٹرن لیتے ہوئے  اسے اپنا لیتی ہے۔  حکومت  نے پہلے بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ نہ کرنے  کی یقین دہانی کروائی  لیکن   اگلے ہی روز   حکومت نے   بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ  کردیا اور عمران خان پہلے آئی ایم ایف  سے رجوع کرنے کا گناہ کبیرہ قرار دیتے تھے اور اب خود ہی  آئی ایم  ایف سے رجوع  کررہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے عوام پر معاشی حملہ کیا ہے، ہر سیکٹر میں نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی سونامی آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے بارے میں غیر ذمہ درانہ بیان دیا گیا، حکومت چلانے کا یہ طریقہ کار نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن کے اندر ایک کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا، خطرہ ہے کہ کہیں ملک کو بلیک لسٹ پر نہ ڈال دیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاب اپوزیشن موڈ سے باہر ہی نہیں آ رہے، عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ضمنی انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری خطرناک ہے، اپوزیشن لیڈرکے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔



متعللقہ خبریں