مسلح افواج کے ساتھ ملکر پوری طرح مادر وطن کا تحفظ کریں گے،" ہمیں پیار ہے پاکستان سے": عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کےلئے اپنا کردار ادا کریں

1044109
مسلح افواج کے ساتھ ملکر پوری طرح   مادر وطن کا تحفظ کریں گے،" ہمیں پیار ہے پاکستان سے": عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر مادر وطن کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، ہم سب مل کر قومی مسائل کا مقابلہ قائد کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کار بند رہ کر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کےلئے اپنا کردار ادا کریں، خطہ کے امن کیلئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

 انہوں نے یہ بات یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعرات 6 ستمبر کو جوش و جذبہ سے منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم ِ دفاع ِپاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، رواں سال یوم دفاع پاکستان نہایت منفرد ہے کیونکہ افواجِ پاکستان نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کی وجہ سے مادرِ وطن کے استحکام کو مزید دوام ملا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ”ہمیں پیار ہے پاکستان سے“ کا عنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم ِدفاع کا جذبہ صرف 6 ستمبر تک محدود نہیں بلکہ اسی کی حقیقی روح سال بھر زندہ رہتی ہے، اہلِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کا یہ جذبہ پوری دنیا دیکھ چکی ہے، بالخصوص گزشتہ 17سالوں میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والی کٹھن اور غیر روایتی جنگ میں جس طرح ہمارے بچوں، جوانوں، بوڑھوں اور عورتوں نے قربانیاں دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔

 عمران خان نے شہداءاور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی سرانجام دیا۔ انہوں نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمہ میں افواج پاکستان کی جرات اور بہترین پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ قومی ترقی، جمہوریت کی مضبوطی اور عالمی امن کےلئے ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔



متعللقہ خبریں