ملک میں سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا: وزیراعظم عمران خان

اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری مذہبی امور، چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی

1041911
ملک میں سیکورٹی  کو یقینی بنایا جائے گا: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو یہاں وزیراعظم آفس میں زائرین کی سیکورٹی اور سہولیات سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

 اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری مذہبی امور، چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقدس مقامات کی زیارت کے لئے جانے والے زائرین کی سیکورٹی اولین ترجیح ہے اور زائرین کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے اور زائرین کے لئے مناسب سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آمدہ محرم الحرام کے مہینے کے دوران ایران، عراق اور دیگر مقدس مقامات کی زیارت کے لئے جانے والے زائرین کی سیکورٹی کے لئے تمام فریقین کی مشاورت کے ساتھ 48 گھنٹوں کے اندر ایک جامع ایکشن پلان وضع کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاک ایران سرحد پر زائرین کی سہولت میں اضافے اور امیگریشن کے عمل کی رفتار بڑھانے کے لئے امیگریشن کاﺅنٹرز بڑھائے جائیں۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ مستقبل میں زائرین کے مکمل آپریشنز کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لئے بھی مستقل طریقہ کار وضع کیا جائے۔ اس ضمن میں وزیراعظم نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ہدایت کی کہ وہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر فریقین بشمول سیکورٹی فورسز اور وزارت مذہبی امور کے ساتھ رابطوں میں رہیں تاکہ اس عمل کو مربوط کیا جا سکے اور زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس عمل کو باقاعدہ بنانے کے لئے بروقت ایک جامع ایکشن پلان مرتب کیا جائے اور اسے منظوری کے لئے پیش کیا جا سکے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک مقدس مقامات کی زیارت کےلیے جانے والوں کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے،مستقبل میں زائرین آپریشنز کو بہتر بنانے کےلیے مستقل لائحہ عمل بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے داخلہ کو وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر فریقین سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت جاری کردیں۔



متعللقہ خبریں