پاکستان میں عید الضحیٰ کا جوش و جذبہ

ملک بھر میں تمام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو تلف کرنے اور صفائی ستھرائی کے لیے اقدامات بھی کیے گئے ہیں

1036132
پاکستان میں عید الضحیٰ کا جوش و جذبہ

پاکستان  بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے  اور پر امن طریقے سے منائی جا رہی ہے۔

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے  جن میں عوام کی ایک کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔  خطبوں میں  فلسفہ قربانی کی اہمیت کواجاگر کیا گیا ، نماز عید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے الله کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔

ملک بھر میں تمام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو تلف کرنے اور صفائی ستھرائی کے لیے اقدامات بھی کیے گئے۔

صدرِ مملکت  ممنون حسین نے عیدالاضحیٰ کے موقع  پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے، آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان سے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں ادا کی، اس موقع پرا نہوں نے تمام اہل وطن کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

وزیر اعظم نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی کا مقصد خود کو اللہ تعالیٰ کے سامنے سربسجود کرنا ہے۔ سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں اپنے تمام تر مفادات اور تعصبات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔

 

 

انہوں  نے کہا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے جو معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں، ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے، ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی کے لیے جانیں قربان کیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ایئر چیف نے بھی قوم کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا  کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو امن اور ترقی عطا کرے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور میں نماز عید ادا کی، جس کے بعد وہ شہریوں سے عید ملے اور قوم کو عید پر مبارکبادی پیغام دیا۔

 



متعللقہ خبریں