پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن، سابق وزیر اعظم جیل میں بند

نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتاری کے بعد خصوصی چارٹر طیارے کے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا جہاں سے انہیں طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا

1012263
پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن، سابق وزیر اعظم جیل میں بند

سابق وزیر اعظم  میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے اڈیالہ جیل منتقل کردیا  ہے۔

احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچے اور جیسے ہی ان کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا، وہاں موجود نیب ٹیم نے دونوں کو گرفتار کرلیا جب کہ ان کے پاسپورٹ بھی ضبط کرلیے گئے۔

نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتاری کے بعد خصوصی چارٹر طیارے کے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا جہاں سے انہیں طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا

دوسری جانب نیب پراسیکیوشن ٹیم نے احتساب عدالت سے نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی استدعا کی۔

نیب کے ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا کہ سیکورٹی صورتحال کی وجہ سے مجرمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکتا۔

اس سے قبل لندن سے نواز شریف اور مریم نواز براستہ ابوظہبی لاہور کے لیے روانہ ہوئے، ابوظہبی میں مختصر قیام کے بعد نجی پرواز کو لاہور کے لیے روانہ ہونا تھا مگر وہاں ان کا قیام طویل ہوگیا جس پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پرواز میں پراسرار تاخیر کی گئی،آخرکار 6 بجے  طیارے نے ابوظہبی سے لاہور کے لیے اڑان بھری اور 9 بجے کے قریب طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔

 



متعللقہ خبریں