نواز شریف بھارت کے ہاتھوں بِک چکے ہیں، ان کا اصلی مقصد پاک فوج کو کمزور کرنا ہے: عمران خان

وفاقی دارالحکومت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کے بیان پر بھارت میں خوشیاں منائیں گئیں

970926
نواز شریف بھارت کے ہاتھوں بِک  چکے ہیں، ان کا اصلی مقصد پاک فوج کو کمزور کرنا ہے:  عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان کو بھارت ایسے پیش کر رہا ہے جیسے پاک فوج بھارت میں دہشت گردی کروارہی ہو۔

وفاقی دارالحکومت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کے بیان پر بھارت میں خوشیاں منائیں گئیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہاکہ بھارتی میڈیا میں یہ تاثر دیا گیا کہ یہاں سب کچھ فوج کرارہی ہے ،بھارت الزام لگاتا ہے کہ پاکستان اپنے لوگ کشمیر میں بھیجتا ہے ،وہ کشمیریوں کو بھڑکاتا ہے ،ڈان لیکس میں یہ سب کچھ کہا گیا تھا ،فوج پر الزام لگایا گیا ،کوئی شک نہیں پاک فوج کو کمزور کرنے کی سازش ہورہی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے جب کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف استعفیٰ دیں۔

پی ٹی آئی سربراہ کا کہناتھاکہ نوازشریف کے بیان سے بھارت کو فائدہ ہوا ،برکھادت نے کتاب میں لکھا ہے کہ کٹھمنڈو میں نوازشریف اور نریندرمودی چھپ کر ملے ،یہ ملاقات سابق وزیراعظم کے دوست جندل نے کرائی ۔

چیئرمین تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جانی چاہیے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے نوازشریف کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ان کے حق میں صفائیاں دے رہی ہے جبکہ وہ خود اپنے موقف پرڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے بیان پر قائم ہیں۔



متعللقہ خبریں