نواب شاہ میں محکمہ صحت کی سنگین غفلت کے باعث 3 افراد ہلاک
پیپلزمیڈیکل اسپتال کے ذرائع کے مطابق 10 بچوں کی حالت خراب ہے ، ان میں سے 3 بچوں کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کر دیا گیا ہے

نواب شاہ میں محکمہ صحت کی سنگین غفلت کے باعث 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ نواب شاہ کے علاقے مریم روڈ پر درجنوں بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ، کچھ دیر بعد اچانک کئی بچوں کی حالت بگڑ گئی،حانیہ عمران، قمر اورحسنین بخش نامی 3 بچے جاں بحق ہو گئے ۔ پیپلزمیڈیکل اسپتال کے ذرائع کے مطابق 10 بچوں کی حالت خراب ہے ، ان میں سے 3 بچوں کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ۔
محکمہ صحت نے ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی جاری مہم فوری طور پر روک دی ہے ، ویکسین کے ری ایکشن کے باعث جاں بحق ہونے والے بچوں کے ورثا مشتعل ہو گئے ، انہوں نے معصوم بچوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا، وہاں موجود شہریوں نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
جاں بحق بچوں کے ورثا اور شہریوں نے اس واقعہ میں ملوث ڈاکٹرز اور اہلکاروں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب بچوں کو اسپتال لایا گیا تب وہاں کوئی سینئر ڈاکٹر موجود نہیں تھا، اسپتال میں صرف 2 جونیئر ڈاکٹرز کو مامور کیا گیا تھا، ورثا اور عوام نے ان سے مطالبہ کیا کہ سینئر ڈاکٹروں کو بلایا جائے ، تاہم انہوں نے سینئر ڈاکٹر کو بلوانے کے بجائے پولیس کو طلب کر لیا۔ ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ پولیس نے ایک لیڈی ہیلتھ ورکر صبیحہ کو گرفتار کر کے ویکسین کو تحویل میں لے لیاہے ۔
دوسری جانب شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری نے نواب شاہ میں زائد المیعاد ویکسین سے بچوں کی ہلاکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومتِ سندھ کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ بچوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے۔