کراچی پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت ہے اس کا امن وامان حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے: خاقان عباسی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی میں مجموعی امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے

898949
کراچی پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت ہے اس کا امن وامان حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے: خاقان عباسی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امن وامان حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے اس میں لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ امن وسلامتی کے بغیر ملک کی معاشی طاقت سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا،کراچی پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت ہے، وفاقی حکومت امن وامان کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاﺅس میں امن وامان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں کراچی میں امن و سلامتی اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی میں مجموعی امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح کے اداروں کے مابین بہتر رابطہ ہونا چاہئے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تمام سٹیک ہولڈرز کے مابین قانون کے نفاذ اور تکنیکی تعاون دائرہ کار میں قومی سطح پر ہم آہنگی اور ڈیٹا بیس کی انٹیگریشن کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کو کراچی میں ماورائے عدالت قتل کے حالیہ واقعات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ واقعات شرمناک ہیں جو رونما نہیں ہونے چاہئیں تھے۔

وزیراعظم نے فوری تحقیقات کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ مجرموں کو بلاتاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔



متعللقہ خبریں