بیت المقدس کی تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے: وزیراعظم حاقان عباسی

پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لینے پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ   مقدس شہر کی تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے

868131
بیت المقدس  کی تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے: وزیراعظم حاقان عباسی

ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس ہوا جس میں پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لینے پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ   مقدس شہر کی تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے ۔ مسلم امہ اپنی کمزوریوں پر قابو پائے بغیر کشمیر اور فلسطین کے مسائل حل نہیں کروا سکتی، امت مسلمہ، او آئی سی کا واحد اور متفقہ روڈ میپ ہونا چاہیے ۔

 وزیر اعظم نے امریکی صدر ٹرمپ کے متنازعہ فیصلے کی مذمت کی،انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا جانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے صیہونی افواج کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی یہ حرکت نئی نہیں، وہ 70 سال سے یہی کچھ کر رہا ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ 70 سال سے بھارت بھی مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیے ہوئے ہے ۔ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق پامال کر رہا ہے اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی قرار دینے کی مذموم کوشش کر رہا ہے ۔پاکستانی عوام کی جانب سے امریکی فیصلے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، اس موقع پر پورا پاکستان فلسطین اور فلسطینی عوام کے پیچھے کھڑا ہے۔ وزیراعظم عباسی نے امریکہ سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ دنیا بھر کے مسلمانوں کو انصاف اور آزادی کے لیے متحد ہونا ہو گا۔اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے یروشلم تنازع اور مسئلہ فلسطین کے حل کے حوالے سے تین سفارشات بھی پیش کیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر سلامتی کونسل اس معاملے پر سنجیدگی نہیں دکھاتی تو اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم اقتصادی طور پر بھی دباؤ ڈالے ،کشمیر اور فلسطین میں قابض افواج کے رویوں کو تبدیل کرانے کیلئے او آئی سی کو اقتصادی لائحہ عمل اپنانا ہو گا، ایسے اقدامات اٹھائے بغیر ہم ان مسائل کو حل نہیں کروا سکیں گے ۔

پاکستانی وزیراعظم نے تیسری سفارش پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو عالمی عدالت انصاف میں بھی اٹھایا جا سکتا ہے ۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سفارشات کو سراہا۔



متعللقہ خبریں