وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ایک روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کے ہمراہ قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، اقوام متحدہ کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری تسکین اسلم اور حکومت کے دیگر سینئر حکام بھی وفد میں شامل ہیں

804558
وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ایک روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے

وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، اپنے دورے کے دوران وہ ایرانی حکام سے امریکا کی نئی افغان پالیسی اور دو طرفہ اقتصادی تعلقات کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کے ہمراہ قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، اقوام متحدہ کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری تسکین اسلم اور حکومت کے دیگر سینئر حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔

وہ ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقات کریں گے، ملاقات کے دوران امریکا کی نئی افغان پالیسی اور اس کے خطے پر اثرات سےمتعلق بات چیت ہوگی، جبکہ پاک ایران باہمی تعلقات، عالمی اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اس سے پہلے چین کا دورہ کر کے امریکا کی نئی افغانستان پالیسی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ امریکی صدر نے نئی افغان پالیسی کے اعلان کر کے موقع پر پاکستان پر سنگین الزامات لگائے تھے، جنہیں پاکستانی حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔  

ذرائع کا کہنا تھا کہ خواجہ محمد آصف ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے بھی اہم ملاقات کریں گے اور وزیر خارجہ ایرانی قیادت کو پاکستانی رہنماﺅں کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔

اس کے علاوہ پاکستان اور ایران کے مابین وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کا امکان ہے جبکہ ایرانی حکام سے دو طرفہ تجارت اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے پر بھی گفتگو ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 21 اگست کی نئی افغان پالیسی کے بعد گذشتہ ہفتے پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ختم نہیں ہوئے لیکن دونوں ملکوں کے روابط کو ملکی مفادات کی نظر سے دیکھا جائے گا جبکہ اب امریکا پر پاکستان کا انحصار کم ہوگیا ہے۔

 



متعللقہ خبریں