پاکستان میں 52 ویں یوم دفاع کی تقریبات

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اس اہم دن  کے موقع پر اپنےاپنے  پیغامات جاری کیے ہیں

801844
پاکستان میں 52 ویں یوم دفاع کی تقریبات

پاکستان  بھر میں 52واں یوم دفاعِ پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ 

اس موقع پراسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں  21، 21، توپوں کی سلامی سے ہوا۔ بعد ازاں مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی اور رینجرز کے جوانوں نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

کراچی میں بھی مزار قائد پر ایک پُر وقار تقریب ہوئی جس دوران ملک کے بانی کو اظہار عقیدت و سلام پیش کیا گیا۔

6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور نشان حیدرپانے والے شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھانے کے علاوہ قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دعائیں بھی مانگی جا رہی ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اس اہم دن  کے موقع پر اپنےاپنے  پیغامات جاری کیے جس میں مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت، انسداد دہشت گردی کا قومی لائحہ عمل ترتیب دیتے ہوئے مسلح افواج اور  پولیس  کی مدد سے کامیابی کے ساتھ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کررہی  ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا  کہ "بابائے قوم کے اتحاد، یقین اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل درآمد کے ذریعے ہی دشمنوں کو زیر کیا جا سکتا  ہے۔"

انہوں نے کہا کہ پاکستان سرعت سے  ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور عالمی اقتصادی برادری میں ہمیں ایک ابھرتی ہوئی معیشت  مانا جاتا  ہے۔

 

 



متعللقہ خبریں