سپریم کورٹ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے: عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ مجھے ایک بیدار قوم نظر آرہی ہے اور میں سب کا مشکور ہوں کہ صرف 48 گھنٹوں کے الٹی میٹم میں یہاں حاضر ہوئے

780476
سپریم کورٹ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےدارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے  پر یوم تشکر کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ سنانے والے ججز کو سلام اور جے آئی ٹی ارکان کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔سپریم کورٹ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ مجھے ایک بیدار قوم نظر آرہی ہے اور میں سب کا مشکور ہوں کہ صرف 48 گھنٹوں کے الٹی میٹم میں یہاں حاضر ہوئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ میں اپنے سامنے ایک زندہ قوم دیکھ رہا ہوں جو پاکستان کے مسائل کو سمجھ بیٹھے ہیں، خوشی ہے کہ خواتین بھی پاکستان کو ایک عظیم قوم بنانے میں بھرپور جدوجہد کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کی طرف سے سپریم کورٹ کے 5 ججزکو سلام اور جے آئی ٹی کے ممبران کو سیلوٹ پیش کر تا ہوں۔

ہمیں سپریم کورٹ کے ججز نے کہا کہ سڑکوں کی بجائے عدالت آئیں، جب عدالت جانے کا فیصلہ کیا تو نوجوانوں میں مایوسی تھی، مجھے لوگوں نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا، ہماری تاریخ ہے کہ طاقت ور کیخلاف فیصلہ نہیں ہوتا تھا۔

سپریم کورٹ نے پاکستانیوں کو امید دی،  سپریم کورٹ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان میٹرو بنانے، سڑکیں بنانے سے نہیں بلکہ  قوم کو تعلیم یافتہ اور باشعور بنانے سے بنے گا، ہم نئے پاکستان میں ایسی اصلاحات لائیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں احتساب کا ایسا نظام لائیں گے جہاں امیر اور غریب کے لئے ایک ہی قانون ہو گا، ہماری جماعت میں تمام لوگ آ سکتے ہیں لیکن ہماری حکومت میں احتساب وزیراعظم سے شروع ہو گا اور اگر کوئی کرپشن کرے گا تو میں ذمہ دار ہوں گا، نیب کا ایسا مضبوط ادارہ  بنائیں گے جو سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے گی۔ سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف تھی، شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف تیار ہو جاؤ ہم آ رہے ہیں، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے پیچھے بھی آئیں گے۔



متعللقہ خبریں