پاکستان بڑی سرعت سے اپنے ترقی کے سفر کو جاری رکھے گا: وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بجلی کے کارخانوں کے ساتھ ساتھ موٹروے کا جال بھی بچھایا جا رہا ہے، لاہور سے کراچی موٹروے مکمل ہونے جا رہی ہے جبکہ کراچی اور گوادر پورٹ پر تیزی سے کام جاری ہے

746516
پاکستان بڑی سرعت سے اپنے ترقی کے سفر کو جاری رکھے گا: وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے نہ کبھی جھوٹ کی سیاست کی اور نہ آئندہ کریں گے، جو بھی کہا اس پر خلوص نیت سے عمل کیا، مخالفین کا ایجنڈا نہ جانے کیا ہے، ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا، مسلم لیگ (ن) کے کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، یہ اثاثہ جس کے پاس بھی ہو وہ ناکام نہیں ہوتا، کارکنوں کو پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ   ملک میں بجلی کے کارخانوں کے ساتھ ساتھ موٹروے کا جال بھی بچھایا جا رہا ہے، لاہور سے کراچی موٹروے مکمل ہونے جا رہی ہے جبکہ کراچی اور گوادر پورٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں اندرون شہر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے توانائی کی قلت کو دور کرنے کیلئے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے موثر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے منصوبے ایک ایک کرکے مکمل ہو رہے ہیں۔

 وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے پر 8 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں جس کے بعد یہ 160 کی سپیڈ پر دوڑے گی، دھرنے دینے والوں اور الزام تراشی کرنے والوں کو ووٹ دینے والے آج پچھتا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بجلی کی 19 ہزار ریکارڈ پیداوار ہوئی جبکہ ہزاروں میگاواٹ بجلی اس سال اور آئندہ سال کے آخر تک نظام میں شامل ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں کو کم سے کم مدت، لاگت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کر رہے ہیں اور بجلی کے کئی منصوبے افتتاح کےلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی منصوبوں پر 36 ارب ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں، 36 سو میگاواٹ کے ایل این جی کے تین منصوبوں میں 112 ارب روپے کی بچت کی۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے جانے کے حوالہ سے کہا کہ اورنج لائن اور میٹرو بس سروس غریبوں کی بہترین خدمت ہے، مخالفین کا ایجنڈا نہ جانے کیا ہے، ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزراء اور ارکان اسمبلی عوامی رابطہ مہم تیز کریں، کسی کارکن کی دل آزاری ہوئی تو ارکان اسمبلی جوابدہ ہوں گے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جب پنجاب میں 3600 میگا واٹ کے منصوبے شروع کرنے کی بات کی تو تمام وزراء نے مخالفت کی، وزیر اعظم کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے پنجاب میں بجلی کے منصوبے مکمل کئے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو مختلف منصوبوں کے بارے بریفنگ دی۔  

 



متعللقہ خبریں