مستحکم مائیکرواکنامک صورتحال پاکستان میں نجی سرمایہ کاری میں اضافے کا وسیلہ: عالمی بینک
عالمی بینک نے کہا ہے کہ مالی سال 2017 کے لیے پاکستان کی شرح نمو یا ’جی ڈی پی گروتھ‘ 5.2 فیصد تک ہو سکتی ہے، جو گزشتہ نو سالوں میں سب سے زیادہ ہو گی
عالمی بینک کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر کے منصوبے اور مستحکم مائیکرو اکنامک صورتحال پاکستان میں نجی سرمایہ کاری میں اضافہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عالمی بینک کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر کے منصوبے اور مستحکم مائیکرو اکنامک صورتحال پاکستان میں نجی سرمایہ کاری میں اضافہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عالمی بینک نے کہا ہے کہ مالی سال 2017 کے لیے پاکستان کی شرح نمو یا ’جی ڈی پی گروتھ‘ 5.2 فیصد تک ہو سکتی ہے، جو گزشتہ نو سالوں میں سب سے زیادہ ہو گی۔
عالمی بینک کی طرف سے ہفتے کو جاری رپورٹ کے مطابق مالی سال 2018 میں شرح نمو 5.5 فیصد جب کہ 2019 میں یہ شرح مزید بڑھ کر 5.8 فیصد تک ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کی معیشت میں بہتری ایک اچھی پیش رفت ہے لیکن معاشی اصلاحات کی رفتار سست روی کا شکار ہے جس سے مستقبل کی ضروریات خاص پر نوجوان نسل کے لیے روزگار کے مواقع کی فراہمی ایک چیلنج ہے۔
واضح رہے کہ عالمی بینک کی اس رپورٹ سے ایک روز قبل ہی حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں شرح نمو 5.3 فیصد رہی جب کہ ملک کی معیشت کا حجم 300 ارب تک بڑھا ہے۔
حکومت کی طرف سے آئندہ مالی سال کے لیے شرح نمو کا ہدف 6 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی لگ بھگ 19 کروڑ آبادی میں سے 60 فیصد کی عمر 30 سال سے کم عمر کے افراد پر مشتمل ہے، اس لیے ملک میں مزید ’’ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ‘‘ یعنی فنی تربیت کے پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کے لیے روز گار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔
رپورٹ میں مستقبل میں پاکستان کی اقتصادی نمو مستحکم رہنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ ’’جون 2017 گلوبل اکنامک پراسپیکٹس‘‘ نامی رپورٹ کے مطابق ساز گار موسمی حالات اور کپاس کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان میں زرعی پیداوار اور سی پیک انفراسٹرکچر منصوبے مستحکم مائیکرو اکنامک صورتحال پر مثبت اثرات مرتب کر رہے ہیں اور اس کے نتیجہ میں نجی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے ۔
خشک سالی کے خاتمہ کے بعد زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی نمو بڑھ کر 5.2 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان نے بھی خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انفراسٹرکچر کی بہتری پر اخراجات میں اضافہ کیا ہے۔