عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کا اعتراف کیا: وزیراعظم نواز شریف

کویت میں مقیم پاکستانیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کے اہم اقتصادی اشاریوں سے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کی عکاسی ہوتی ہے اور پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو دنیا کی ایک بہترین سٹاک مارکیٹ سمجھا جاتا ہے

685975
عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کا اعتراف کیا: وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی مثبت اقتصادی ترقی کا اعتراف کیا ہے اور ہماری درجہ بندی کو بہتر کیا ہے۔
کویت میں مقیم پاکستانیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کے اہم اقتصادی اشاریوں سے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کی عکاسی ہوتی ہے اور پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو دنیا کی ایک بہترین سٹاک مارکیٹ سمجھا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے بجلی کے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور اب لوڈشیڈنگ یومیہ چودہ سے سولہ گھنٹے سے کم ہوکر تین سے چار گھنٹے رہ گئی ہے۔
 محمد نوازشریف نے کہاکہ پچاس ارب ڈالر مالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی کی پیداوار پرخصوصی توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک سال سے صنعتوں کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے جس کے ملکی پیداوار اور برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
دہشت گردی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہاکہ عوام اور سکیورٹی فورسز نے اس ناسور کے خاتمے کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
اس سے پہلے وزیراعظم نے کویت کی ممتاز کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے علاقائی روابط اورتجارت کے وسیع امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
 انہوں نے کویت کی کمپنیوں کے سی ای اوز کو بتایا کہ ان کی حکومت ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے سرمایہ کاروں کوسہولتیں فراہم کررہی ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہورہی ہے۔
 سی ای اوز نے کویت کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

 



متعللقہ خبریں