پورا پاکستان ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو رہا ہے: نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور سے ملتان گوجرہ سے خانیوال اور ملتان سے سکھر تک چھ رویہ موٹر وے پر کام جاری ہے جبکہ حیدرآباد موٹر وے کا ٹھیکہ جلد دیا جائے گا

658541
پورا پاکستان ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو رہا ہے: نواز شریف

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بہترین ممکنہ سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے سڑکوں کا جدید جال بچھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے خنجراب تک پورے ملک کو موٹر ویز اور ایکسپریس ویز کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سے ملتان گوجرہ سے خانیوال اور ملتان سے سکھر تک چھ رویہ موٹر وے پر کام جاری ہے جبکہ حیدرآباد موٹر وے کا ٹھیکہ جلد دیا جائے گا۔
 وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ   جن لوگوں کو ترقی کی سوجھ بوجھ نہیں وہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، حکومتوں اور سیاستدانوں کا کام عوام کو دھرنے، جلسے جلوسوں اور احتجاجوں پر لگانا یاانہیں گمراہ کرنا نہیں بلکہ ملک وقوم کی خدمت کرنا ہوتا ہے، بڑے بڑے دعوے کرنے والے بتائیں ۔

انہوں نے نیا پاکستان کہاں بنایا ہے، ٹی وی پر آ کر عجیب و غریب اور بے سروپا الزامات لگانے والے ایک دن خود قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ملتان میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی و صوبائی وزرا اور سینئر سیاستدان بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی اسلام آباد اور لاہور کے بعد ملتان تیسرا شہر ہے جس میں 28ارب روپے سے زائدلاگت سے 18کلومیٹر طویل میٹروبس منصوبہ کی تکمیل ہوئی ہے ۔وزیراعظم نواز شریف نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں صرف سیاست کرنے، دھرنے، ترقی کا راستہ روکنے، قوم کا وقت ضائع کرنے، ترقی کے راستے می رخنہ ڈالنے، کسی تخریب کاری یا عوام کو گمراہ کرنے کے لئے نہیں بلکہ ملتان کے عوام کو میٹرو کا خوبصورت سا تحفہ دینے، ملتان کے عوام کی خدمت اور اپنا فرض ادا کرنے آئے ہیں، جو آپ کا حق ہے وہ آپ کو دینے آئے ہیں۔ انہوں نے کم سے کم مدت میں میٹرو منصوبہ مکمل کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ملتان کے عوام کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ اس کے بقیہ حصہ کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی، اگر یہ حصہ بھی موجودہ دور حکومت میں مکمل ہو تو بہت ہی اچھا ہے۔
وزیراعظم نے پنجاب کے گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ہمراہ بس کا سفر بھی کیا۔
سفر کے دوران انہیں ملتان میٹرو بس سروس کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ یہ منصوبہ اٹھارہ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا۔



متعللقہ خبریں