گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کی نماز جنازہ جمعے کےروز ادا کی جائیگی
صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
ترجمان گورنر ہاوس نے کہاہے کہ گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی شدید علالت کے باعث 78سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں جب کہ ان کی نمازجنازہ بعد نمازجمعہ پولوگراؤنڈ یا گورنرہاؤس میں اداکی جائےگی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ پاکستان کے چیف جسٹس رہے اور ان کی پاکستان کیلئے بے شمار خدمات کے باعث انہیں 11نومبر 2016کو گورنر سندھ تعینات کیا گیالیکن عہدے کا حلف اٹھانے کے دو دن بعد ہی وہ شدید بیمار ہو گئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیالیکن گزشتہ روز گورنر سندھ کی طبعیت اچانک خراب ہوئی، انہیں سینے میں تکلیف اورسانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی یکم دسمبر1937کو لکھنؤ بھارت میں پیدا ہوئے اور 1954 میں جامعہ ڈھاکا سے انجینیرنگ میں گریجویشن کیا، جامعہ کراچی سے 1958 میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔ جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی یکم جولائی 1999 سے 26 جنوری 2000 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے تاہم پرویز مشرف کے دور حکومت میں انہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔ حکومت نے 11 نومبر 2016 کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی کو گورنر سندھ بنایا تھا۔
دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سعید الزماں صدیقی تمام عمر اصولوں پر کاربند رہے، ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قانون وانصاف کے لیے سعیدالزماں صدیقی کی گراں قدرخدمات ہیں، انہوں نے انصاف کے لیے اپنے اصولوں پرکبھی سودا نہیں کیا، وہ ایک سچےاورایماندارانسان تھے، غیر جمہوری عناصر کے خلا ان کی مزاحمت اور قربانیاں بے مثال ہیں، ان کی عدلیہ کے لیے خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔