بھارت صرف بھڑکیں مارسکتا ہے جبکہ پاک فوج عملی قدم اٹھانے میں ماہر ہے: پرویز مشرف

سابق صدر نے ہندوستان کے رویے پر تنقید کی اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ہی ملک میں رہنے والے اقلیتوں کے دشمن بن گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان کوئی بھوٹان نہیں ہے

581097
بھارت صرف بھڑکیں مارسکتا ہے جبکہ پاک فوج  عملی قدم اٹھانے میں ماہر ہے: پرویز مشرف

پاکستان کے سابق صدر   ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف  نے کہا ہے کہ  بھارت  کو بھڑکیں مارنے کے سوا کچھ بھی نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو  صرف دھمکیاں دینے  کی عادت ہے  لیکن اگر ان دھمکیوں پر پاک فوج نے جواب دینے کا فیصلہ کرلیا تو وہ لفظوں پر نہیں عملی اقدامات پر مبنی ہوگا۔

انہوں نے ان  خیالات کا اظہار پارٹی کے چھٹے یوم تاسیس کے موقع پر ای پی ایم ایل کے کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران سابق صدر نے ہندوستان کے رویے پر تنقید کی اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ہی ملک میں رہنے والے اقلیتوں کے دشمن بن گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان کوئی بھوٹان نہیں ہے ، ہندوستان کی عادت ہے کہ جب بھی اس کی سرزمین پر کوئی حملہ ہوتا ہے وہ اس کا الزام پاکستان پر لگادیتا ہے۔

پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں لیکن فی الحال وطن واپس آنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آج عالمی برادری میں تنہا ہوکر رہ گیا ہے۔

اپنی صحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ "مجھے کمر میں تکلیف تھی جس کا علاج کیا گیا، اس وقت پاکستان آنے کا کوئی فائدہ نہیں کیوں کہ مجھے آزادانہ طور پر نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی"۔

سابق صدر نے کہا کہ وہ اس وقت وطن واپس آئیں گے جب ان پر بنائے گئے مقدمات اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لے گی اور اس سلسلے میں دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی اتحاد ہوسکتا ہے۔



متعللقہ خبریں