بانی ایم کیوایم کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت کاروائی کی جائے، ترجمان وزارت داخلہ

ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانوی حکومت کو ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف باقاعدہ ریفرنس بھجوا دیا گیا ہے۔

562059
بانی ایم کیوایم کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت کاروائی کی جائے، ترجمان وزارت داخلہ

 وفاقی وزارت داخلہ نے برطانوی حکومت کوایم کیو ایم کے بانی کے خلاف باضابطہ طور پر ریفرنس بھجوادیا ہے جس میں ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانوی حکومت کو ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف باقاعدہ ریفرنس بھجوا دیا گیا ہے۔  ریفرنس کے ساتھ  ان کی تقاریر میں عوام الناس کو تشدد اور بدامنی پر اکسانے کے شواہد بھی فراہم کئے گئے ہیں تاہم ریفرنس میں ان کی پاکستان کو حوالگی کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔

ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی نے برطانوی سرزمین سے پاکستان میں بدامنی پھیلائی اورعوام الناس کو تشدد پر اکسایا۔ ایسے اقدامات کرکے ایم کیو ایم کے قائد نہ صرف برطانوی بلکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔ اس لئے بانی ایم کیوایم کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت کاروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد نے 22 اگست کو کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز نعرے لگائے تھے اور ان کی تقریر کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنوں نے کئی نجی نیوز چینلز کے دفاتر پر توڑ پھوڑ کی تھی۔



متعللقہ خبریں