پاکستان بارشوں کی لپیٹ میں، بعض مقامات پر برفباری

صوبہ بلوچستان میں بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے

449308
پاکستان بارشوں کی لپیٹ میں، بعض مقامات پر برفباری

پاکستان کے مختلف علاقوں میں جاری شدید بارشوں کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جب کہ ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

مغرب سے داخل ہونے والے ہوا کے کم دباؤ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کو گزشتہ 5 روز سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے ہزاروں لوگوں نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی کرلی ہے۔

صوبہ بلوچستان میں بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مزید دو سے تین روز تک تیز بارشوں کا امکان ہے، جس سے سیلاب کا بھی خطرہ ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور برساتی نالوں کے قرب و جوار کے علاقوں سے دور رہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا ، بکھر، اوکاڑہ اوردیگرعلاقون میں گزشتہ شام سے ہونے والی بارش آج بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں نے ہلکے گرم کپڑے دوبارہ پہننے شروع کردیئے ہیں۔

ادھر گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ تیز بارشوں کے باعث شاہراہ قراقرا کئی مقام پر لینڈ سلائےیڈنگ کے باعث بند ہوگئی ہے۔ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر میں گزشتہ دو دن سے کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے مظفرآباد راولپنڈی شاہراہ سمیت کئی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں ہیں جبکہ پہاڑوں پر برف باری سے سردی پھرلوٹ آئی ہے.



متعللقہ خبریں