پاکستان کی عرب اتحاد میں شمولیت کی تصدیق

حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے قائم کیے جانے والے 34 اسلامی ممالک کے اتحاد میں شمولیت کی تصدیق کردی ہے

364077
پاکستان کی عرب اتحاد میں شمولیت کی تصدیق

حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے قائم کیے جانے والے 34 اسلامی ممالک کے اتحاد میں شمولیت کی تصدیق کردی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے دو روز قبل یہ اعلان کیا تھا کہ اس نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے لیے 34 اسلامی ریاستوں پر مشتمل اتحاد قائم کیا ہے، جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے بعد ازاں اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد میں شامل کیے جانے والے ممالک اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے خود فیصلہ کریں گے۔
اس اتحاد کا مقصد سیکیورٹی تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم دینا ہے، جس میں ٹریننگ، سازوسامان اور فوج اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے مذہبی رہنماؤں کی فراہمی شامل ہے۔
پاک فوج نے رواں سال اکتوبر سے انسداد دہشت گردی کے لیے بنائی گئی سعودی اسپیشل فورسز کو ٹریننگ دینے کا آغاز کرتے ہوئے دو طرفہ دفاعی تعلقات کے نئے دور کی شروعات کی تھی۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے خصوصی مشقوں کے بعد سعودی عرب کا دورہ کیا تھا تاکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بات چیت کی جاسکے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مسلسل حمایت کرتا آرہا ہے اور اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے بیالیسویں اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد اراکین سے مطالبہ کرتی ہے کہ ’دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خیالات کے خلاف جنگ میں خطے اور بین الاقوامی کوششوں میں شامل ہوا جائے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں