وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ خود کش حملے میں زخمی،چار افراد ہلاک

وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ اٹک میں اپنے گاؤں شادی خان میں اپنے گھر سے متصل ڈیرے پر موجود تھے اور علاقہ مکینوں کے مسائل سن رہے تھے کہ مبینہ خود کش حملہ آور نے خود کو ان کے ڈیرے پر پہنچ کر اڑا دیا جس کے نتیجے میں پوری عمارت زمیں بوس ہو گئ

329206
وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ خود کش حملے میں زخمی،چار افراد ہلاک

پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوگئے ۔
وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ اٹک میں اپنے گاؤں شادی خان میں اپنے گھر سے متصل ڈیرے پر موجود تھے اور علاقہ مکینوں کے مسائل سن رہے تھے کہ مبینہ خود کش حملہ آور نے خود کو ان کے ڈیرے پر پہنچ کر اڑا دیا جس کے نتیجے میں پوری عمارت زمیں بوس ہو گئی۔ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے سیکرٹری ملک انصار کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ ڈیرے پر موجود تھے اور دھماکے میں زخمی ہو گئے ہیں۔
دھماکے کی آواز اتنی زیادہ تھی کہ کئی کلومیٹرز تک سنی گئی ، دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی ۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ۔
دھماکے کے نتیجے میں ڈیرے کی چھت گر گئی اور صوبائی وزیر سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیر سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہیں جن کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ، دوسری طرف وزیر داخلہ نثار علی خان نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ،
دریں اثناء وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سرگرمیوں میں پیش پیش تھے اور حساس اداروں نے بھی اپنی رپورٹس میں ان پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں