بھارت کی پاکستان میں مداخلت کاعالمی سطح پر بے نقاب کرنےکا فیصلہ

بھارتی خفیہ ایجنسی ( را ) کی ملکی مفاد کے خلاف سرگرمیوں اور ایم کیو ایم کو فنڈنگ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کے فیصلے کے پیش نظر مشاورت کے لئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی اسلام آباد پہنچ گئی ہیں

بھارت کی پاکستان میں مداخلت کاعالمی سطح پر بے نقاب کرنےکا فیصلہ

پاکستان نے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی ( را ) کی ملکی مفاد کے خلاف سرگرمیوں اور ایم کیو ایم کو فنڈنگ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کے فیصلے کے پیش نظر مشاورت کے لئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی اسلام آباد پہنچ گئی ہیں ۔
پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارت کی مداخلت، دہشت گردی کی معاونت سمیت اس کے سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی مداخلت کے ثبوت کے ساتھ اب پاکستان نے بھارت کو عالمی سطح پر اس کا اصل چہرہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے علاوہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی سے بھی ملاقات کریں گی ۔
اس سے قبل دفتر خارجہ میں ہونیوالے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل دونوں عالمی فورمز پر بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کا معاملہ اٹھایا جائے ۔ اجلاس میں بی بی سی کی رپورٹ ، ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے لندن پولیس کو بیانات اور بھارت کی جانب سے پاکستان کی سیاسی جماعت ایم کیو ایم کو فنڈنگ کے معاملات پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ بھارت کی جانب سے ایم کیو ایم کو فنڈنگ اور کارکنوں کی تربیت کے الزامات بی بی سی کی حالیہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں ،ایم کیو ایم کے رہنما طارق میر نے بھی اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ بھارت ایم کیو ایم کو فنڈنگ کرتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارتی مداخلت کا معاملہ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل تک لے جائے گا۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں