اعلیٰ سطحی اجلاس میں یمن کی صورتِ حال پر غور

وزیراعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں اسلام آباد میں اعلی ٰسطح کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور اور مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ طے کرے گی کہ یمن کشیدگی میں پاکستان کا کردار کیا ہونا چاہیے

228698
اعلیٰ سطحی اجلاس میں یمن  کی صورتِ حال پر غور

وزیراعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں اسلام آباد میں اعلی ٰسطح کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور اور مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، محمد اسحاق ڈار، امور خارجہ کے بارے میں مشیر سرتاج عزیز، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شرکت کی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دریں اثنا پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ طے کرے گی کہ یمن کشیدگی میں پاکستان کا کردار کیا ہونا چاہیے۔
صدر پاکستان کی رہائشگاہ پر سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا کے عزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ یمن کشیدگی کے حوالے سے بحث کا آغاز ہو چکا ہے اور دیکھتے ہیں کہ کیا فیصلہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ یمن کی کشیدہ صورت حال میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے پارلیمنٹ اور سینٹ کی مشترکہ اجلاس کا کل آغاز ہوچکا ہے، جس میں سعودی عرب اور دیگر ممالک کی جانب سے یمن کے حوثی قبائل کے خلاف پاکستان کے ان کا اتحاد کا حصہ ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے کئے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن صحیح سمیت کی جانب جاری ہے اور اس کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں