کراچی میں مسافر بس،آئل ٹینکر کے تصادم میں59 افراد جاں بحق

یہ واقعہ ہفتہ کو دیر گئے کراچی کے سپر ہائی وے کی لنک روڈ پر پیش آیا جہاں کراچی سے شکار پور جانے والی مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکر کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ بس کراچی سے شکار پور جارہی تھی

180617
کراچی میں مسافر بس،آئل ٹینکر کے تصادم میں59 افراد جاں بحق

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں ایک بدترین ٹریفک حادثے میں کم ازکم 59 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ ہفتہ کو دیر گئے کراچی کے سپر ہائی وے کی لنک روڈ پر پیش آیا جہاں کراچی سے شکار پور جانے والی مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکر کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
بس کراچی سے شکار پور جارہی تھی۔
تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور ٹینکر پر لدے تیل کے باعث اس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔
پولیس اور امدادی کارکن جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کیا۔
حکام کے مطابق متعدد لاشیں اس حد تک جھلس چکی ہیں کہ ان کی شناخت ممکن نہیں رہی جب کہ زخمیوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے اور حادثے کے وقت بہت سے مسافر بس کی چھت پر بھی بیٹھے ہوئے تھے جن میں سے بعض نے تصادم کے وقت چھت سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سندھ کے اطلاعات اور بلدیات کے وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔دریں اثناء وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے بھی سڑک کے افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں