اسرائیل کے غزہ پر تازہ حملوں میں 6 فلسطینی لقمہ اجل
اسرائیلی جنگی طیاروں نے سیبالیہ قصبے کے علاقے این نیزل میں "سداللہ" خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک گھر کو نشانہ بنایا
اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں بے گھر ہونے والوں کے پناہ لینے والے مکانات اور اسکولوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 6 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
شعبہ صحت کے ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے سیبالیہ قصبے کے علاقے این نیزل میں "سداللہ" خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور کچھ لوگ زخمی ہوئے۔
غزہ شہر کے ضلع الطفہ کے جافا اسکول میں جہاں بے گھر افراد کو پناہ دی گئی تھی، اسرائیلی فوجیوں کی ہیلی کاپٹر کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع میسرو بیت لاہیا میں درجنوں مکانات کو بارودسے ہوا میں اڑا دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس، نصرت پناہ گزین کیمپ اور غزہ کی پٹی کے وسطی حصے میں میگازی پناہ گزین کیمپ پر بھی رات بھر توپوں سے حملے کیے۔