"اسرائیل کی ناک میں نکیل ڈالی جائے" او آئی سی-عرب لیگ مشترکہ مطالبہ

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کی معطلی کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں شروع کی جائیں گی اور اس سلسلے میں جنرل اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی

2209149
"اسرائیل کی ناک میں نکیل ڈالی جائے" او آئی سی-عرب لیگ مشترکہ مطالبہ

اسلامی تعاون تنظیم -عرب لیگ کی غیر معمولی مشترکہ سربراہی  کانفرنس کے اختتامی اعلامیہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل  سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے  فیصلہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ عرب اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کی  منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم -عرب لیگ کی غیر معمولی مشترکہ سربراہی کانفرنس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلامیے میں اسرائیل کی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا اور کہا گیا کہ اقوام متحدہ ٹھوس اقدامات نہیں کر سکی اور بین الاقوامی برادری ناکام رہی۔

سلامتی کونسل سے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے  فیصلہ کرنے کی اپیل کی گئی۔

 اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کی معطلی کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں شروع کی جائیں گی اور اس سلسلے میں جنرل اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی۔

مشترکہ اعلامیے میں اسرائیل کے جرائم کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔

 اس کے علاوہ  تمام ملکوں سے اسرائیل کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کی برآمدات یا ترسیل پر پابندی لگانے" کی اپیل کی گئی اور اسرائیل کو اس کی خلاف ورزیوں سے روکنے کے لیے بین الاقوامی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

اعلامیے میں بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلوں کی یاد دہانی کرائی گئی اور ان فیصلوں کے فوری نفاذ کا مطالبہ کیا گیا۔



متعللقہ خبریں