اسرائیل کے لبنان پر تازہ حملے، وزیر اعظم میقاتی کی بوریل سے ملاقات
8 اکتوبر 2023 سے لبنان کے جنوب میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے حزب اللہ کے ارکان کی تعداد بڑھ کر 439 ہو گئی
لبنان کے جنوب میں شہر نباطیہ کے قریب واقع قصبے کفر جوز پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ایک بچہ سمیت 3 افراد شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
لبنان کی سرکاری ایجنسی این این اے کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے کیفر جوز قصبے میں نباطیہ شہر کی طرف جانے والی سڑک پر دو موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا۔
اس حملے میں پاس سے گزرنے والی ایک گاڑی بھی نشانہ بن گئی جس سے ایک بچہ سمیت 3 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے شہر سور کے شہر شیحین پر فضائی حملہ کیا۔
حملے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کچھ اسرائیلی فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔
دوسری جانب اطلاع دی گئی ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیل کے حملوں میں حزب اللہ کے 2 کارکن اللہ کو پیارے ہو گئے۔
اس طرح 8 اکتوبر 2023 سے لبنان کے جنوب میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے حزب اللہ کے ارکان کی تعداد بڑھ کر 439 ہو گئی۔
ادھر لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ملک پر اسرائیل کے حملوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کیا جانا چاہیے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے مطابق وزیر اعظم میقاتی نے دارالحکومت بیروت میں یورپی یونین کے اعلی نمائندے برائے خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی جوزپ بوریل سے ملاقات کی۔
میقاتی۔ بوریل ملاقات کے دوران جنوبی لبنان پر اسرائیل کے حملوں، لبنان میں شامیوں کے موجودہ اور مستقبل کے مسائل اور لبنان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو تیز کرنے کی ضرورت جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میقاتی نے لبنان پر اسرائیل کے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:"اس مرحلے پر جو لازمی ہے وہ لبنان پر اسرائیل کے جاری حملوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ میں تیزی لانا ہے۔"