غزہ :خان یونس پر اسرائیل کے میزائل حملے،درجنوں ہلاک و زخمی
غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں بے گھر افراد کے کیمپوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم 40 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہو گئے
آج صبح صادق کے وقت غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں بے گھر افراد کے کیمپوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
غزہ کی پٹی میں شہری دفاع کے اعلان کے مطابق،اس حملے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے حماس کی کمان کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے ۔
شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود بصل کا کہنا ہے کہ حملے میں بعض فلسطینی گھرانوں کے تمام افراد ملبے تلے دب گئے ہیں جبکہ شہری دفاع کے ایک ذمے دار نے بتایا کہ خان یونس میں ہونے والے حملے کے نتیجے میں 9 میٹر گہرا گڑھا پڑ گیا۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ نشانہ بننے والے حماس کے عناصر تھے جو اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیلی دعوے کی مکمل تردید کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ نشانہ بنائے گئے علاقے میں اس کا کوئی رکن موجود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں کئی ماہ سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں جاری ہیں۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے لیے جاری کوششیں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔