اقوام متحدہ کی طرف سے یمن کو ہنگامی انسانی امداد کی اپیل
سیلاب سے 93 ہزار 440 افراد کو نقصان پہنچا اور 3 ہزار 640 افراد بے گھر ہوئے
اقوام متحدہ نے یمن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے عطیہ دینے والے ممالک سے فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
یمن میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی رابطہ کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں حالیہ دنوں میں ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے کا نقصان بھی پہنچا ہے ۔
بیان میں یمن میں سیلاب زدگان کے لیے عطیہ دینے والے ممالک سے فوری امداد کی اپیل کی گئی اور کہا گیا کہ امدادی تنظیمیں فوری ضرورت ہونے والے علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔
یمن ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تعز، الحدیدہ، حجہ، امران، صدا، زمر اور صنعاء میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والی سیلابی تباہی میں 45 افراد جاں بحق اور 12 افراد لاپتہ ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے 93 ہزار 440 افراد کو نقصان پہنچا اور 3 ہزار 640 افراد بے گھر ہوئے۔