اسماعیل ہنیہ کا قتل ایران کی قومی سلامتی کی صریحاً خلاف ورزی ہے: سعودی عرب

سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ  ولید الخریجی کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایران کی خود مختاری، اس کی علاقائی و قومی سلامتی، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہے

2172933
اسماعیل ہنیہ کا قتل ایران کی قومی سلامتی کی صریحاً خلاف ورزی ہے: سعودی عرب

سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ  ولید الخریجی کا کہنا ہے کہ  گذشتہ ہفتے تہران کے دورے کے دوران  اسماعیل ہنیہ کا قتل ایران کی خود مختاری، اس کی علاقائی و قومی سلامتی، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہے اور یہ علاقائی امن و امان کے لیے ایک دھمکی بھی ہے۔

الخریجی نے یہ بات جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کی مجلس عاملہ کے غیر معمولی اجلاس میں کہی۔

نائب وزیر خارجہ نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ ان کا ملک مسئلہ فلسطین کے حوالے سے دو ٹوک موقف رکھتا ہےسعودی عرب، قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے شہریوں پر حملوں کی مذمت کرتاہے اسی طرح دیگر ممالک کی خود مختاری کی خلاف ورزی یا کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کو مسترد کرتا ہے۔

الخریجی نے قابض اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر سعودی عرب کی تشویش کا اظہار کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد شہید اور زخمی ہو گئی ہے، غذا، دوا اور ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب صحت کے شعبے پر بہت زیادہ بوجھ آ گیا ہے اسی طرح بے گھر شہریوں کی بڑی تعداد پناہ کی تلاش میں ہے۔

سعودی نائب وزیر خارجہ نے ایک بار  پھریہ مطالبہ دہرایا کہ عالمی برادری کو فعال طور پر حرکت میں آنے کی ضرورت ہے تا کہ قابض اسرائیلی فوج کو ان جرائم اور خلاف ورزیوں کا مکمل ذمے دار ٹھہرایا جا سکے اور برادر فلسطینی عوام کے خلاف حملوں پر روک لگائی جا سکے۔

 الخریجی کا کہنا تھا کہ  سعودی عرب فلسطینی  سر زمین  پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور بین الاقوامی قرار دادوں اور عرب امن منصوبے کی روشنی میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے جاری تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

 



متعللقہ خبریں