اسرائیلی فوج کی غزہ کے ایک اسکول پر بمباری،17 فلسطینی جاں بحق
شمالی غزہ کی پٹی کے عزہ سٹی میں بے گھر لوگوں کے سکول پر اسرائیلی حملے میں 17 فلسطینی جاں بحق ہوگئے
شمالی غزہ کی پٹی کے عزہ سٹی میں بے گھر لوگوں کے سکول پر اسرائیلی حملے میں 17 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
غزہ سول ڈیفنس نے پہلے اعلان کیا تھا کہ غزہ میں ایک سکول کمپلیکس کو نشانہ بنانے والے بمباری میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اس جگہ کو حماس کے ارکان کے ٹھکانے کے طور پر نشانہ بنایا گیا تھا۔
دریں اثنا شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے اطلاع دی ہے کہ شیخ رضوان کالونی کے مضافات میں حمامہ سکول پر ہونے والے بم دھماکے میں دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
اس سکول میں جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس جو ماضی میں غزہ میں حمامہ سکول کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا میں موجود ارکان کو فضائی حملے سے نشانہ بنایا ہے۔
اس کمپلیکس کو فلسطینی تحریک کے ارکان کے لیے ایک ٹھکانے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا، کمپلیکس کے اندر ہتھیار تیار کیے گئے اور ذخیرہ بھی کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو حماس کی طرف سے جنوبی اسرائیل پر شروع کیے گئے ایک غیر معمولی حملے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ لڑائی کے 302 ویں دن تک اسرائیلی فوج نے 39550 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔