اسرائیل کا جنوبی لبنان پر حملہ،حزب اللہ کی جوابی کاروائی
لبنان کے جنوب میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 1 بچہ جاں بحق اور 6 شہری زخمی ہوگئے جس کے جواب میں اسرائیل کے شمال میں واقع ایک غیر قانونی بستی بیت ہیلیل کو درجنوں کاتیوشا میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا
لبنان کے جنوب میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 1 بچہ جاں بحق اور 6 شہری زخمی ہوگئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے لبنان کی سرحد پر واقع قصبے دیر سریان کے خلاف اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ہلاکتوں کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک 17 سالہ لڑکی جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔
بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے جنہیں علاج کے لیے علاقے کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
اس دوران جنوبی لبنان سے اسرائیل کی جانب درجنوں راکٹ داغے گئے جنہیں اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کردیا۔
اسرائیلی فوج نے رات کو کم از کم دو بار سرحدی علاقے میں روشنی کے گولے برسائے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے دیے گئے تحریری بیان کے مطابق جنوبی لبنان سے داغے گئے درجنوں راکٹوں میں سے زیادہ تر کو روک لیا گیا۔
اس حملے کے حوالے سے حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے شمال میں واقع ایک غیر قانونی بستی بیت ہیلیل کو درجنوں کاتیوشا میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ نے بتایا کہ یہ حملہ گذشتہ روز جنوبی لبنان کے دو قصبوں پر اسرائیل کے حملے کے جواب میں کیا گیا۔
دوسری جانب بیروت میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو سیکیورٹی وارننگ جاری کیاور کہا کہ ہم لبنان چھوڑنے کے خواہشمندوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں وہ کوئی بھی دستیاب ٹکٹ خریدیں خواہ ان کی مطلوبہ تاریخ پر ہوں یا نہ ہوں۔
امریکی امور خارجہ نے یکم اگست کو اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کی تنبیہ کی تھی۔
امریکہ، نیدرلینڈز، بھارت، انگلستان، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، اٹلی، یونان، فرانس اور پولینڈ کی فضائی کمپنیوں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین پیش رفت کے بعد سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اسرائیل اور لبنان کے لیے کچھ پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔