حماس: قربانیاں خواہ کیسی ہی کیوں نہ ہوں جدوجہد جاری رہے گی ہمیں اپنی فتح مبین کا کامل یقین ہے
حماس کوئی انسان نہیں ایک نظریہ اور ایک ادارہ ہے۔ قربانیاں خواہ کیسی ہی کیوں نہ ہوں یہ نظریہ اور یہ ادارہ فتح مبین کے کامل یقین کے ساتھ اپنے راستے پر آگے بڑھتا رہے گا: سامی ابو زہری
حماس نے، ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنے قیام کے ہوٹل میں اسرائیلی فوج کی طرف سے کئے گئے فضائی حملے میں، اپنے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔
حماس کے حکام میں سے سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ "حماس کے لیڈر ہنیہ پر قاتلانہ حملہ کر کے یہ اپنے مقاصد تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ قابض اسرائیل کا ہنیہ پرقاتلانہ حملہ ایک المناک تشدد ہے جس کا مقصد حماس کے ارادے کو متزلزل کرنا ہے لیکن حماس اپنے راستے پر آگے بڑھتی رہے گی۔ ہمیں اپنی فتح مبین کا کامل یقین ہے"۔
ابو زہری نے کہا ہے کہ "حماس کوئی انسان نہیں ایک نظریہ اور ایک ادارہ ہے۔ قربانیاں خواہ کیسی ہی کیوں نہ ہوں یہ نظریہ اور یہ ادارہ فتح مبین کے کامل یقین کے ساتھ اپنے راستے پر آگے بڑھتا رہے گا"۔
حماس کے الاقصیٰ ٹیلی ویژن کے مطابق حماس کے اعلیٰ سطحی حکام میں سے موسیٰ ابو مرزوق نے بھی کہا ہے کہ "اس بزدلانہ قاتلانہ حملے کا بدلہ لیا جائے گا"۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب مسلح افواج نے بھی جاری کردہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ صدر مسعود پزشکیان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے چند گھنٹے بعد حماس سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو قاتلانہ حملے میں قتل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔