خلیج عدن:امریکی بحریہ نے کیمیکل ٹینکر کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی
امریکی بحریہ نے گزشتہ روز سینٹرل پارک کیمیکل ٹینکر کی طرف سے مشکل میں مدد کی درخواست کا جواب دیتے ہوئے کارروائی کی اور خلیج عدن میں بحری جہاز کو اغوا ہونے سے بچا لیا
امریکی بحریہ نے گزشتہ روز سینٹرل پارک کیمیکل ٹینکر کی طرف سے مشکل میں مدد کی درخواست کا جواب دیتے ہوئے کارروائی کی اور خلیج عدن میں بحری جہاز کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔
سینٹ کام ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کی کارروائی کے بعد تیل بردار جہاز محفوظ ہے۔
ایک اہلکارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ میسن نامی جہاز نے ٹینکر کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد کی اور مبینہ طور پر پانچ مسلح افراد کو پکڑ لیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے خلیج عدن میں فاسفورک ایسڈ سے لدے ایک ٹینکر کو قبضے میں لینے کی اطلاعات آئی تھیں۔
ایک امریکی فوجی اہلکار نے کہا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کے روز خلیج عدن میں ایک اسرائیلی کمپنی سے منسلک آئل ٹینکر کو روکا اور اسے اپنے کنٹرول میں لے لیا، بعد میں میری ٹائم سکیورٹی کمپنی کی جانب سے دی گئی معلومات کی تصدیق کی گئی تھی۔
اہلکار نے’ بتایا کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ نامعلوم مسلح افراد نے 26 نومبر کو خلیج عدن میں ٹینکر ایم وی سینٹرل پارک کو اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا،اس وقت امریکی اور اتحادی افواج اس کے آس پاس موجود تھیں اور علاقے کی نگرانی کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بحری راستے پر اس طرح کے حادثات کے بعد صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔