سعودی عرب: ہم، سوڈان میں اپنے سفارت خانے پر حملے کی شدید مذّمت کرتے ہیں
ہم، سوڈان میں سعودی سفارت خانے اور اس کی ضمنی عمارتوں پر حملے اور توڑ پھوڑ کی شدت سے مذّمت کرتے ہیں: سعودی عرب وزارت خارجہ

سعودی عرب نے ، سوڈان میں سعودی سفارت خانے اور اس کی ضمنی عمارتوں پر بعض مسلح گروپوں کی طرف سے حملے کی شدید مذّمت کی ہے۔
سعودی عرب وزارت خارجہ کے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہم، سوڈان میں سعودی سفارت خانے اور اس کی ضمنی عمارتوں پر حملے، توڑ پھوڑ اور سفارت خانے کے ملازمین کی رہائش گاہوں اور اموال کو پہنچائے گئے نقصان کی شدت سے مذّمت کرتے ہیں"۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ " سعودی عرب، اپنے سفارتی مشن اور نمائندہ دفاتر کے خلاف ہر طرح کی پُر تشدد اور تخریبی کاروائیوں کو مسترد کرتا ہے۔ سوڈان اور برادر سوڈانی عوام کی سلامتی و استحکام کی بحالی میں رکاوٹ بننے والے مسلح گروپوں کے سدّباب کی ضرورت ہے"۔
واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورس کے درمیان تقریباً دو مہینوں سے جاری جھڑپوں کے دوران خاص طور پر دارالحکومت خرطوم میں سفارتی مشنوں پر حملے کئے جا رہے ہیں۔
جن ممالک کے سفارت خانوں پر حملے ہوئے ہیں ان میں قطر، اردن اور لیبیا بھی شامل ہیں۔