یہودی آبادکاروں نے ایمبولینس پر حملہ کر دیا، 3 فلسطینی زخمی
جنین میں یہودی آبادکاروں نے، ایک 12 سالہ بیمار بچی کو ہسپتال لے جاتی، ایمبولینس پر حملہ کر دیا، بچی کی ماں زخمی ہو گئی ہے: فلسطین وزارت صحت
مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے حملے میں 3 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
فلسطین وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق دریائے اردن کے شہر جنین میں یہودی آبادکاروں نے، ایک 12 سالہ بیمار بچی کو ہسپتال لے جاتی، ایمبولینس پر حملہ کر دیا۔
بیان کے مطابق ایمبولینس بیماری بچی کو جنین سرکاری ہسپتال سے رملّہ کے ایچ۔کلینک ہسپتال لے جا رہی تھی۔ یہودی آبادکاروں کے حملے میں ایمبولینس کے شیشے ٹوٹ گئے اور بچی کی ماں زخمی ہو گئی ہے۔
بیان کے مطابق حملے کی وجہ سے ایمبولینس 3 گھنٹے تاخیر کے ساتھ ہسپتال پہنچی ۔ جہاں بچی کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کر لیا گیا ہے۔
فلسطین کی وزیر صحت 'مےکیلہ'نے حملے کی مذمت کی اور تمام بین الاقوامی اداروں سے فلسطینیوں اور صحت کے عملے کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ انسانی فرائض ادا کرنے والے شہریوں، ایمبولینسوں اور صحت کے عملے کے خلاف پُر تشدد کاروائیوں کے سدّباب کے لئے سنجیدہ سطح پر اور فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی فورسز اور یہودی آباد کار ہر روز اس نوعیت کے حملے کر رہے ہیں۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وافا کے مطابق یہودی آبادکاروں نے دریائے اردن کے شہر نابلس میں ایک فلسطینی کی گاڑی پر پتھروں اور بوتلوں سے حملہ کر کے 2 افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں یہودی آبادکار علاقے میں زیتون کے باغات پر بھی حملے کر رہے ہیں ۔ تازہ حملے میں زیتون کے 50 درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔