غزّہ پر اسرائیلی حملے جاری، اموات کی تعداد 32 ہو گئی

5 اگست سے جاری حملوں میں 6 بچوں اور 4 عورتوں سمیت 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 253 ہے: فلسطین وزارت صحت

1864659
غزّہ پر اسرائیلی حملے جاری، اموات کی تعداد 32 ہو گئی

اسرائیل کے، زیرِ محاصرہ غزہ کی پٹّی پر، 5 اگست سے جاری حملوں میں اموات کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے۔

فلسطین وزارت صحت کے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق 5 اگست سے جاری حملوں میں 6 بچوں اور 4 عورتوں سمیت 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 253 ہے ۔

بیان میں زخمیوں کی صورتحال کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

غزہ وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدریٰ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں صحت کی خدمات کو خطرات درپیش ہیں، ادویات اور طبّی سامان کی قلت کا سامنا ہو رہا ہے۔

القدریٰ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے قصداً شہریوں کو ہدف بنایا ہے۔

اسلامی جہاد موومنٹ کے فوجی ونگ 'قدس بریگیڈ 'نے رفاح پر رات کے وقت اسرائیلی حملے میں اسلامی جہاد کے منتظم خالد منصور کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔

فلسطین خبر رساں ایجنسی وافا نے بھی غزہ کے جبالیہ مہاجر کیمپ کی ایک عمارت پر اسرائیلی حملے میں 5 بچوں سمیت 6 فلسطینیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔

تاہم اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے KAN نے جاری کردہ تحریری بیان میں  کہا ہے کہ اسرائیل اس واقعے کا ذمہ دار نہیں ہے۔

بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ شہری اموات، اسلامی جہاد موومنٹ کی طرف سے پھینکے گئے راکٹوں میں سے ایک کے جبالیہ مہاجر کیمپ پر گرنے کے نتیجے میں واقع ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے اسلامی جہاد موومنٹ کو ہدف بنانے کے لئے غزہ کی پٹّی پر  شروع کئے گئے حملے آج بھی جاری ہیں۔

اس دوران فلسطین کی طلب پر کل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے موضوع پر بات کی جائے گی۔

حماس سیاسی بیورو کے سربراہ  اسماعیل ہنیہ نے بھی کہا ہے کہ متعصب یہودیوں کے مسجد اقصیٰ پر حملوں کے منصوبوں کے سدّباب کے لئے ہم علاقائی و بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم قطر اور مصر کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

ہنیہ نے "حالات بے قابو ہونے سے قبل مداخلت" کی تنبیہ کی اور کہا ہے کہ غزہ پر حملے کر کے اسرائیل نے فلسطینی عوام کو ہدف بنایا ہے۔

اسلامی جہاد موومنٹ کے عسکری ونگ سرایا القدس نے بھی غزہ کے جوار میں اسرائیلی شہروں عسقلان، تل ابیب، سڈیروٹ اور اشڈوڈ کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔



متعللقہ خبریں