اسرائیل میں پارلیمنٹ تحلیل، قبل از وقت انتخابات کا اعلان
قبل از وقت انتخابات کے فیصلے کی رات مخلوط حکومت میں وزیر خارجہ کے طور پر کام کرنے والے لیپڈ ملک کے 14ویں وزیر اعظم بن گئے

اسرائیل میں گزشتہ روز پارلیمنٹ کے تحلیل ہونے اور یکم نومبر کو قبل از وقت انتخابات کرانے کے فیصلے کے اعلان کے بعد نفتالی بینیٹ نے وزارت عظمیٰ کے اختیارات اپنے اتحادی ساتھی یائر لاپڈ کو سونپ دیے ہیں۔
قبل از وقت انتخابات کے فیصلے کی رات مخلوط حکومت میں وزیر خارجہ کے طور پر کام کرنے والے لیپڈ ملک کے 14ویں وزیر اعظم بن گئے۔
لیپڈ یکم نومبر کو ہونے والے انتخابات تک عبوری وزیر اعظم کے طور پر فرائض ادا کریں گے۔
اسرائیلی قانون سازوں نے گزشتہ روز قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کے لیے اسمبلی کی تحلیل کے بل کو منظور کرلیا تھا۔
بل کے ساتھ قبل از وقت انتخابات کی تاریخ بھی یکم نومبر 2022 کی منظوری دے دی گئی۔ اسرائیل میں تقریباً 3.5 سالوں میں یہ پانچویں عام انتخابات ہوں گے۔
بینیٹ اور لیپڈ، کثیر الجماعتی مخلوط حکومت کے شراکت داروں میں شامل ہیں جو ملک پر تقریباً ایک سال سے حکومت کر رہے ہیں ۔ اس کثیر الجماعتی مخلوط حکومت نے 20 جون کی شام اسمبلی کو تحلیل کر کے قبل از وقت انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نفتالی بینیٹ نے 29 جون کو انتخابات میں امیدوار نہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔