یمن: صدر عبدالربہ ہادی نے اپنے اختیارات صدارتی کونسل کو منتقل کر دیئے

یمن کے صدر عبد الربہ منصور ہادی نے آج اپنے اختیارات اس نئی صدارتی قیادت کی کونسل کو سونپ دیے، جسے عبوری مدت کے دوران حکومت چلانے کی ذمہ داری سونپی جائے گی

1808619
یمن: صدر عبدالربہ ہادی نے اپنے اختیارات صدارتی کونسل کو منتقل کر دیئے

یمن کے مغربی صوبہ حدیدہ میں ہوئے بم حملے میں  ایک بچہ ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے حدیدہ امن مشن کےمطابق، یہ بم حملہ  حدیدہ کے قصبے الحوق میں ہوا۔

بیان میں اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ طرفین  سے بارودی سرنگوں اور جنگ سے بچے دھماکہ خیز مواد کو تباہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب  یمن کے صدر عبد الربہ منصور ہادی نے اپنے اختیارات صدارتی قیادت کی کونسل کو منتقل کر دیے ہیں اور نائب صدر علی محسن الاحمر کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیا ہے اب یہ کونسل مذاکرات کی قیادت کرے گی۔

ٹی وی پر اپنے خطاب میں صدر منصور ہادی نے کہا کہ نو تشکیل شدہ ادارہ ملک میں برسوں سے جاری تنازعے کو ختم کرنے کے لیے حوثی باغیوں کے ساتھ مستقل جنگ بندی اور سیاسی تصفیہ کے لیے مذاکرات کی قیادت کرے گا۔

یمن 2014 کے اواخر سے ہی سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومت اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان تباہ کن لڑائی سے دو چار ہے تاہم حال میں فریقین میں جنگ بندی کاایک معاہدہ ہوا اور اس کے تحت اس دیرینہ تنازعے کے سیاسی حل کی کوششیں بھی شروع کی جا رہی ہیں۔

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہینس گرنڈبرگ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی سے یمن میں ہفتے کے روز سے، جو دو ماہ کی ملک گیر جنگ بندی شروع ہوئی ہے، اس کی وجہ سے تشدد میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بہت نازک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ  فوجی سرگرمیوں کی اطلاعات بھی ہیں، خاص طور پر معارب کے آس پاس جو تشویشناک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ بندی ایک طرح سے اہم اور خطرناک دونوں  صورت حال کی نمائندگی کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہوں گا کہ یہ جنگ بندی ایک اہم قدم ہے لیکن ایک نازک قدم بھی ہےبہر حال ہمیں اس موقع کا ممکنہ استعمال احسن طریقے سے کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ جنگ بندی ہمیں تنازعات کو ختم کرنے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے۔ 

ماہ رمضان کے آغاز پر سعودی اتحاد کی حمایت یافتہ منصور ہادی کی یمنی حکومت اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان جنگ بندی کا ایک معاہدہ طے پا یا تھا۔

حوثی باغی گزشتہ ایک سال سے توانائی کی دولت سے مالا مال صوبے معارب کو حکومتی دستوں سے چھیننے کی کوشش کرتے رہے ہیں لیکن صنعا کی حکومت کے لیے سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی حمایت نے انہیں اس میں ناکام بنا دیا ہے۔



متعللقہ خبریں