عراق: نجف میں ایرانی قونصل خانہ نذر آتش، شہر میں کرفیو نافذ

گزشتہ شب مظاہرین نے نجف میں ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دیجس کے بعد حکام نے شہر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے نجف کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے

1313749
عراق: نجف میں ایرانی قونصل خانہ نذر آتش، شہر میں کرفیو نافذ

نجف میں عراقی مظاہرین کے ہاتھوں ایرانی قونصل خانے کو آگ لگائے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے نجف کے گورنر لوئی الیاسری کا کہنا ہے کہ لوگوں کے جتھے مختلف سمتوں سے نکل آئے اور انہوں نے حفاظتی اہلکاروں پر حملہ کر دیا جسکے نتیجے میں 47 اہل کار زخمی ہو گئے۔

الیاسری نے بتایا کہ ایرانی قونصل خانے کو آگ لگائے جانے کے واقعے کے بعد  حفاظتی قوتوں کو از سر نو تعینات کیا گیا ہے اور آج ان کی پوزیشن مختلف ہو گی۔

اس سے قبل گزشتہ  شب مظاہرین نے نجف میں ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ان کے ملک میں ایرانی رسوخ  کو ختم کیا جائے۔

اس واقعے کے بعد حکام نے شہر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے نجف کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی۔

عراقی وزارت خارجہ نے اس واقعے کو عراق اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے کی ایک کوشش قرار دیا۔

 وزارت نے خبردار کیا کہ مظاہرین کی صفوں میں بیرونی عناصر  شامل ہیں جو ایسا ایجنڈا رکھتے ہیں جس کا قومی مطالبات سے کوئی واسطہ نہیں۔

آگ لگائے جانے کے واقعے کے دوران قونصل خانے میں کام کرنے والے ایرانی ملازمین پیچھے کے دروازے سے فرار ہو گئے۔

طبی ذرائع کا کہنا ہےکہ  مذکورہ واقعے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے  جبکہ نجف کے داخلی اور خارجی راستوں کی بندش کے سبب شہر ملک کے بقیہ علاقوں سے کٹ گیا ہے۔

 یا د رہے کہ ایرانی قونصل خانے کے جلائے جانے سے تقریبا ایک ماہ قبل عراقی مظاہرین نے کربلا میں ایرانی قونصل خانے کی بیرونی دیوار میں آگ لگا دی تھی۔

 اس موقع پر عراق میں ایرانی وجود کو مسترد کرنے کی علامت کے طور پر ایرانی سفارتی مشن کی عمارت پر عراقی پرچم لہرا دیا گیا۔

 



متعللقہ خبریں