جدہ:ایریٹریا اور ایتھیوپیا کے درمیان امن معاہدہ

ایتھوپیا اور اریٹیریا کے رہنماوں نے   سعودی عرب  میں  ایک امن معاہدے پر دستخط کر دیئے جس کی تفصیلات فی الوقت غیر واضح ہیں

1050582
جدہ:ایریٹریا اور ایتھیوپیا کے درمیان امن معاہدہ

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر نگرانی اریٹریا اور ایتھوپیا کے درمیان تاریخی جدہ امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اس معاہدے پر اریٹریا کے صدر أسياس أفورقی اور ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد نے گزشتہ روز دستخط کیے ہیں۔

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منعقدہ تقریب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان بھی موجود تھے۔

 شاہ سلمان نے دونوں ملکوں کے صدور کو سعودی عرب کے اعلیٰ سول اعزاز شاہ عبدالعزیز آرڈر سے نوازا ہے۔

أسياس أفورقی اور ابی احمد اس تاریخی معاہدے پر دست خط کے لیے ہفتے کے روز جدہ پہنچے تھے۔

شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر سعودی عرب کے اعلیٰ حکام نے دونوں افریقی لیڈروں کا خیر مقدم کیا۔

اس امن معاہدے سے ایتھوپیا اور اریٹریا کے درمیان گزشتہ20 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔

دونوں  رہنماوں  نے اس کے علاوہ ایک دوسرے کے دارالحکومت میں اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے ، پروازوں کی بحالی اور ایتھوپیا کو اریٹریا کی بندرگاہیں استعمال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق سمجھوتوں پر بھی دست خط کیے ہیں۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے اس موقع پر کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کو مثبت باہمی تعلقات استوار کرنے میں مدد ملے گی۔

 



متعللقہ خبریں