ریفرینڈم کو منسوخ نہیں کیا جائے گا: مسعود بارزانی

ریفرینڈم جمہوریت کی سادہ ترین شکل ہےعوام نے اس کا فیصلہ کر لیا ہے لہٰذا ریفرینڈم سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا اور 25 ستمبر کو طے شدہ شکل میں ریفرینڈم کا انعقاد ہو گا: بارزانی

813059
ریفرینڈم کو منسوخ نہیں کیا جائے گا: مسعود بارزانی

عراقی کرد علاقائی انتظامیہ  کے سربراہ مسعود بارزانی نے کہا ہے کہ عراق کی وفاقی عدالت کی طرف سے "غیر قانونی " قرار دئیے گئے ریفرینڈم کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

ان کے  صدارتی دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق بارزانی نے اربیل کے قصبے صلاح الدین میں  واقع اپنی  صدارتی قیام گاہ میں  اقوام متحدہ میں عراق کے نمائندے جین کوبیسی کے ساتھ ملاقات کی۔

بیان کے مطابق  بارزانی  اور کوبیسی کے درمیان مذاکرات میں  کل متوقع ریفرینڈم  کے موضوع پر بات چیت کی گئی۔

بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی طرف سے ریفرینڈم کو منسوخ کرنے کی اپیلوں کے بارے میں بات  کرتے ہوئے بارزانی نے کوبیسی سے  کہا ہے کہ  ریفرینڈم جمہوریت کی سادہ ترین شکل ہےعوام نے اس کا فیصلہ کر لیا ہے لہٰذا ریفرینڈم سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا اور 25 ستمبر کو طے شدہ شکل میں ریفرینڈم کا انعقاد ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بغداد کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں، ہم نے اپنے دروازے بند نہیں کئے اور  ہم سرحد اور دیگر مسائل پر بغیر کسی جھڑپ کے پُر امن ماحول میں بات کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عراقی کرد علاقائی انتظامیہ کے سربراہ بارزانی نے 7 جون کو سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ملاقات  کے بعد 25 ستمبر کو کیرکوک اور دیگر متنازع علاقوں میں ریفرینڈم کروانے کا اعلان کیا تھا۔

اس فیصلے کے بعد عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ یہ ریفرینڈم یک طرفہ اور آئین کے منافی ہے اور ہم اس کے نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔

عراق کی وفاقی عدالت نے بھی انہی وجوہات کی بنا پر ریفرینڈم کے غیر معتبر ہونے کا فیصلہ سنایا تھا۔

امریکہ نے بھی جاری کردہ بیان میں منتخب کردہ راستے کے نہایت پُر خطر ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ریفرینڈم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔



متعللقہ خبریں