دو ریاستی فرانسیسی تجویز کا عالمی سطح پر جائزہ لیا جائے، محمود عباس

فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کیلئے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ضروری ہو گیا ہے۔

444025
دو ریاستی فرانسیسی تجویز کا عالمی سطح پر جائزہ لیا جائے، محمود عباس

فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کیلئے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی یہ تجویز بروقت اور نہایت مثبت ہے کہ مشرق وسطیٰ میں 2 ریاستوں کے قیام کا عالمی سطح پر جائزہ لینے کیلئے بین الاقوامی کانفرنس طلب کی جائے ۔

صدر محمود عباس نے یقین ظاہر کیا کہ یہ بین الاقوامی کانفرنس ایرانی جوہری معاہدے کی طرح کامیاب ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کی بدولت اسرائیل فلسطینی تنازع کو ختم کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔مشرق وسطیٰ میں 2 ریاستوں کے قیام کیلئے اہم پیش رفت ہو گی اورخطے میں پائیدار بنیادوں پر قیام امن یقینی ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے امن مذاکرات اپریل 2014 میں معطل ہو گئے تھے۔ اس کے بعد سے صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے رواں سال جنوری میں مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کیلئے بین الاقوامی کانفرنس طلب کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس تجویز کی شدت سے مخالفت کی تھی، تاہم فلسطینی صدر محمود عباس نے بدھ کو ایک مرتبہ پھر فرانسیسی تجویز کی بھرپور حمایت کر کے امن کے خلاف اسرائیلی عزائم کو ناکام بنادیا ہے ۔



متعللقہ خبریں