ٹیسٹ سیریز کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کی پہلی فتح

کھوٹا سکہ دوبارہ کام آگیا، جس نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا

826971
ٹیسٹ سیریز کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کی پہلی فتح

ٹیسٹ سیریز کے بر عکس پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز کا آغاز شاندار طریقے سے کیا ہے۔

ایک عام خیال پایا جاتا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں ناقص بیٹنگ کے بادل ون ڈے میں بھی چھائے رہیں گے، لیکن  پاکستانی بلے بازوں نے اس خیال کو غلط ثابت کر دکھایا۔

دبئی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 209 رنز ہی بناسکی۔

سری لنکا کے کپتان اپل تھارنگا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آہستہ آہستہ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

 ان دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کیلئے 64 رنز بنائے ۔محمد حفیظ نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور تیزی سے اسکور کرتے ہوئے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار شعیب ملک نے کریز پر آتے ہی  جارحانہ  بلے بازی کے جوہری دکھائے ۔

بابر اور شعیب نے تیسری وکٹ کے لیے  139 رنز کی شاندار شراکت قائم کرتے پاکستا ن کو ایک اچھا مجموعہ دلا دیا۔

شعیب ملک 61 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چھٹی سنچری اسکور کی لیکن سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی 103 کے اسکور پر ان کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔

پاکستان کی شاندار بیٹنگ کے جواب  میں  سری لنکن ٹیم مطلوبہ  رن ریٹ  کو کسی بھی طرح حاصل کرنے میں ناکام رہی اور یہ مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر  محض 209 رنز ہی بنا سکی۔



متعللقہ خبریں