پاکستان نے متعدد عالمی ریکارڈز بھی بنا ڈالے

یونس خان عالمی سطح پر کئی ریکارڈز بنانے والے بلے باز کا اعزاز حاصل کر شکے ہیں

پاکستان نے متعدد عالمی ریکارڈز بھی بنا ڈالے

پاکستان نے پالی کیلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو نہ صرف شکست دی ہے بلکہ متعدد عالمی ریکارڈز بھی بنا ڈالے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف سیریز میں ریکارڈ بنانے والوں میں یونس خان سب سے زیادہ نمایاں رہے جنہوں نے انفرادی سمیت اپنے پارٹنر کے ساتھ مل کر بھی کئی ریکارڈ بنائے۔ قومی ٹیم تیسرے ٹیسٹ میں میزبان سری لنکا کو شکست دے کرسب سے زیادہ ہدف حاصل کرنے والی پہلی ایشیا کی ٹیم بن گئی اور چوتھی اننگز میں بڑا ہدف حاصل کرنے والی پاکستان دنیائے کرکٹ کی چوتھی ٹیم بن گئی۔
پالی کیلے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں سنچری بنانے والے یونس خان نے جہاں اپنے کیرئیر کی 30ویں سنچری مکمل کی وہیں انہوں نے آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈان بریڈ مین کی 29 سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔ یونس خان نے 171 رنز بنا کر چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ سلیم ملک کا 150 رنزکا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ٹیسٹ کرکٹ میں یونس خان چوتھی اننگز میں 5 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ انڈیا کے سنیل گواسکر اور سابق آسٹریلین قائد رکی پونٹنگ 4 سنچریوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یونس خان کے رنزکی تعداد 8 ہزار 814 ہوگئی جب کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور جاوید میانداد نے 8 ہزار 832 اسکور ہے اور یہ اعزاز بھی اپنے نام کرنے کے لئے یونس خان کو صرف 19 رنز درکار ہیں۔
سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں یونس خان اور شان مسعود نے 242 رنز کی شراکت قائم کرکے کسی بھی ٹیسٹ کی چوتھی اننگزمیں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ شراکت کا ریکارڈ بھی توڑدیا جب کہ اس سے قبل جاوید میانداد اورمدثر نذر نے نیوزی لینڈ کے خلاف 212 رنزکی شراکت کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں کپتان مصباح الحق نے اپنے 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے اورفتح کے نتیجے میں 39 ٹیسٹ میچوں میں مصباح کی بطورکپتان کامیابیوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں