ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 27.12.2024
آج کے ملکی اخبارات سے چیدہ چیدہ خبروں کے ساتھ حاضرِ خدمت ہیں۔

۔۔۔ روزنامہ حّریت:"دہشت گرد تنظیم کے پاس اسلحہ پھینکنے کے علاوہ اور کوئی چارہ کار نہیں ہے" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکیہ وزارت دفاع نے ،دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں، شام کی نئی انتظامیہ کے ساتھ تعاون اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں باہمی ربط و ضبط کی طرف اشارہ کیا ہے۔ وزارت دفاع کے ذرائع نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیم PKK/YPGکے پاس اسلحہ پھینکنے کے علاوہ اور کوئی چارہ کار نہیں ہے۔ یا اسلحہ پھینکیں گے یا پھر ختم ہو جائیں گے۔
۔۔۔ "روس کی طرف سے ترکیہ کے بارے میں بیان" یہ سرخی ہے روزنامہ خبر ترک کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ روس کے وزیرِ خارجہ سرگے لاوروف نے کہا ہے کہ ہم، شامی سرحد کی سلامتی سے متعلق، ترکیہ کے اندیشوں کو سمجھتے ہیں۔ ترکیہ کے سکیورٹی مفادات کی یقین دہانی کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ راستہ ایک خودمختار، زمینی سالمیت کے حامل اور باہم متحد شام کا راستہ ہے۔ترک انتظامیہ یہی موقف ظاہر کر رہی ہے اور ہم اس موقف کی حمایت کرتے ہیں۔
۔۔۔روزنامہ اسٹار: "ترکیہ کے لئے فضائی پُل کا فریضہ" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکیہ،شام کی نئی انتظامیہ کے ساتھ مل کر دمشق اور دیگر شہروں کو بھیجے جانے والے امدادی سامان کے لئے، فضائی پُل کے فریضے کی انجام دہی جاری رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ پیش رفت میں عالمی ادارہ صحت کی، 50 ٹن طبّی سامان پر مشتمل، امداد کو ترکیہ لایا گیا ہے۔ یہ امدادی سامان استنبول سے شام بھیجا جائے گا۔
۔۔۔روزنامہ ینی شفق "مہاجرت و انسانی حقوق مرکز قائم کیا جا رہا ہے" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکیہ، مہاجرین کے حقوق کے تحفظ اور سنجیدہ موضوعات پر پالیسی کے فروغ کے لئے، "مہاجرت اور حقوقِ انسانی تحقیقی مرکز" قائم کر رہا ہے۔
۔۔۔ اور آخر میں باری ہے روزنامہ صباح کی۔ اخبار "فرانسیسی ذرائع ابلاغ کی طرف سے ترک دفاعی صنعت کی تعریف" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ فرانس کی نیوز سائٹ 'سیکرٹ ڈیفنس' نے اپنی خبر میں ترک فضائیہ کے لئے بنائی گئی 'گیوکچہ' اور 'گیوزدے' نیو جنریشن کروز کِٹوں کو سراہا ہے۔ سائٹ نے لکھا ہے کہ نیو جنریشن اسلحہ سسٹموں کے ساتھ انقرہ کا جیو پولیٹک اثرونفوذ اور بھی مضبوط ہو جائے گا۔